چهارشنبه 30/آوریل/2025

’کرپشن کیسزسے توجہ ہٹانےکے لیے نیتن یاھو جنگ چھیڑسکتے ہیں‘

منگل 27-فروری-2018

اسرائیل کے سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو ان دنوں کرپشن کیسز میں بری طرح پھنسے ہوئے ہیں۔ وہ کرپشن کیسز سے توجہ ہٹانے کے لیے کسی بھی محاذ پر جنگ چھیڑ سکتے ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس ادارے ’شاباک‘ کے سابق چیف کارمی جیلئون نے ایک بیان میں کہا ہےکہ نیتن یاھو اس وقت سخت پریشان ہیں اور انہیں ان کیسز سے بچنے کے لیے کوئی راستہ نہیں مل رہا ہے۔ اس لیے وہ کوئی فیصلہ کن اقدام کرنے کے قابل نہیں۔ ان پر اس وقت چار کرپشن کیسز ہیں جن سے توجہ ہٹانے کے لیے وہ کوئی بھی قدم اٹھا سکتے ہیں۔

جیلئون نے مزید کہا کہ وہ نیتن یاھو کے سابق وزیراعظم ایہود اولمرٹ سے متعلق بیان سے متفق تھے جب انہوں نے اولمرٹ سے کہا تھا کہ وہ فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں رہے ہیں اس لیے انہیں وزارت عظمیٰ کے عہدوں سے مستعفی ہوجانا چاہیے۔

انہوں نےکہا کہ آج وہ نیتن یاھو سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ لیکوڈ پارٹی کی قیادت کے ساتھ ساتھ وزارت عظمیٰ کا عہدہ چھوڑ دیں۔

خیال رہے کہ نیتن یاھو رشوت وصول کرنے، دھوکہ دہی اور مالی واخلاقی بد دیانتی کے کئی مقدمات کا سامنا کررہےہیں۔ پولیس نے ان کے خلاف فرد جرم عاید کرنے کی سفارش بھی کردی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی