فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں سرحدی علاقے میں احتجاجی مظاہرہ کرنے والے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 22 فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگارکے مطابق سرحدی باڑ کے قریب سیکڑوں فلسطینیوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کے خلاف احتجاج کیا۔
فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ غزہ میں نکالے جانے والے جلوس پر اسرائیلی فوج نے براہ راست فائرنگ کی اور ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی۔ اس شیلنگ اور فائرنگ کی زد میں آ کر بائیس فلسطینی زخمی ہوگئے۔
ترجمان بتایا کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے متعددمقامات پر فلسطینی زخمی ہوئے جنہیں اسپتالوں میں لایا گیا ہے۔ سات فلسطینی مشرقی جبالیام چھ مشرقی غزہ، پانچ البریج اور چار مشرقی خان یونس میں زخمی ہوئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر آنسوگیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیاں چلائیں۔