ایک ایسے وقت میں جب غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں میں ادویہ کی قلت اور تنخواہیں نہ ملنے پر عملے کا احتجاج جاری ہے تو دوسری جانب شہری انسانی اور قومی جذبے کے تحت ہسپتالوں میں صفائی کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں الحواجری خاندان نے شہداء الاقصیٰ ہسپتال میں صفائی کی رضاکارانہ طور پر خدمت شروع کی ہے جسے فلسطین بھر میں تحسین کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔
الحواجری خاندان کی جانب سے شہداء الاقصیٰ ہسپتال کی صفائی کی رضاکارانہ خدمات سے دوسرے شہریوں کو بھی قومی اور انسانی جذبے کے تحت اس طرح کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا موقع ملا ہے۔
الحواجری خاندان کی جانب سے ہسپتال میں صفائی مہم شروع کرنے کے رابطہ کار محمد الحواجری نے کہا کہ انہوں نے ہسپتال میں صفائی کے عملے کی جگہ یہ خدمت انجام دی ہے۔ توقع ہے کہ دیگر شہری بھی اس مشن میں ہسپتال انتظامیہ کا ہاتھ بٹانےمیں مدد کریں گے۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی کے ہسپتال میں کئی ہفتوں سے ہنگامی حالت نافذ ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کی انتقامی سیاست اور اسرائیلی پابندیوں کے باعث ہسپتالوں میں طبی سہولیات کا فقدان ہے۔ ہسپتالوں کے طبی عملے اور انتظامیہ کو تنخواہیں نہیں مل رہی ہیں جس کے باعث وہ ہڑتالوں اور احتجاج پر مجبور ہیں۔
ادھر غزہ کی پٹی میں شہداء الاقصیٰ کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر محمد الحاج نے الحواجری خاندان کا صفائی کے کاموں میں حصہ لینے کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب شہداء الاقصیٰ ہسپتال میں صفائی کے عملے نے ہڑتال شروع کر رکھی ہے الحواجری خاندان نے صفائی کی مہم شروع کر کے ہسپتال اور مریضوں کے ساتھ دل ہمدردی اور قومی حمیت کا ثبوت دیا ہے۔