مصرکے ذرائع ابلاغ میں حالیہ ایام میں ایک حیران اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا جس نے سب کو حیران کردیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مصرکی ایک عدالت میں ایک بزرگ شخص نے درخواست دی ہے جس میں اس نے الزام عاید کیا ہے کہ اس کے بیٹوں نے اس کی جائیداد ہتھیانے کے لیے اس کا جعلی فوتگی سرٹیفکیٹ بنوایا اس کی مدد سے وہ ایک مکان پر قبضہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے اکاؤنٹ میں موجود تمام پیسے بھی لے اڑے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی مصر کی الدقھلیہ کے رہائشی 58 سالہ الدوادی ضرغام نے بتایا کہ اس کے دو بیٹوں محمد اور احمد الدادی ضرغام نے اس کا جعلی فوتگی سرٹیفکیٹ بنوایا، اسے اخبارات میں دے کر اس کی فوتگی کی تشہیر کی جس کے بعد وہ دو گھروں پر قبضہ کرنے کے ساتھ 1 لاکھ 40 ہزار مصری پاؤنڈ بھی لے اڑے۔
متاثرہ شخص نے بتایا کہ بیٹوں کی اس حرکت کا اس وقت پتا چلا کہ وہ اپنے ڈاک اکاؤنٹ سے کچھ پیسے نکوانے ڈاک خانے گیا۔ میرا اکاؤنٹ دیکھنے کے بعد انتظامیہ بتایاکہ اس کے بیٹے اس کے اکاؤنٹ میں موجود تمام رقوم لے اڑے ہیں۔ انہوں نے ڈاکخانے میں اپنے والد کی فوتگی کا سرٹیفکیٹ پیش کیا تھا۔ والد نے بیٹوں پر دھوکہ دہی اور فراڈ کا الزام عاید کرتے ہوئے ان کے خلاف فراڈ اور جعل سازی کے ساتھ توہین کا بھی الزام عاید کیا ہے۔
عدالت نے بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا اس کیس میں عدالت کیافیصلہ سناتی ہے کیونکہ مصر کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا مقدمہ ہے۔