وینز ویلا میں ایک سیکیورٹی کمپنی نے ماہانہ دس امریکی ڈالر کے مساوی رقم دینے اور 144 انڈے تنخواہ میں دینے کا منفرد طریقہ اختیار کیا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق مہنگائی کے شکاراوراقتصادی بحران کا سامنا کرنے والے ملک وینز ویلا کی سیکیورٹی کمپٹی ’اٹلس سیکیورٹی‘ نے مغربی ریاست زولیا میں ’دو ملین بولیفار کی رقم اور ایک سو چوالیس انڈے ماہانہ تنخواہ پر سیکیورٹی گارڈ بھرتی کرنا شروع کیے ہیں۔ دو ملین بولیفار امریکی کرنسی میں دس ڈالرکے برابر ہے۔
کمپنی کی طرف سے اپنے ملازمین کو ہفتہ وار 36 انڈے دیے جائیں گے۔ ان 36 انڈوں کی مقامی سطح پر قیمت دو ڈالر کے برابر ہے۔
کمپنی کے ڈائریکٹر ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ جب سے ہم نے نئی بھرتی کا اشتہار جاری کیا ہے بہت سے لوگوں نے ہم سے رابطہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ وینز ویلا میں مہنگائی اور معاشی بدحالی کے باعث غذائی اشیاء اور مواصلات پر دی جانے والی سبسڈی کم ترین سطح پر آچکی ہے۔ مہنگائی کے ساتھ ساتھ وینز ویلا میں سماجی جرائم کی شرح بھی بہت زیادہ ہے یہی وجہ ہے کہ ملک میں سیکیورٹی اہلکاروں کی طلب بہت زیادہ ہے۔