قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں ’جبل البابا‘ کے مقام پر واقع فلسطینیوں کا ایک مکان مسمار کردیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی فوج نے مشرقی بیت المقدس میں جبل البابا کے مقام پر یورپی یونین کے تعاون سے تعمیر کردہ مکان بلڈوزر کی مدد سے مسمار کر دیا۔
مقامی فلسطینی مندوب عطا اللہ الجھالین نے بتایا کہ منگل کو اسرائیلی فوج اور سول ایڈمنسٹریشن کے حکام نے مشترکہ طورپر جبل البابا میں ایک فلسطینی مکان پر چھاپہ مارا۔ قابض فوج نے مکان کے مالکان کو ایک نوٹس دکھایا جس میں کہا گیا تھا کہ مذکورہ مکان اسرائیلی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر تعمیر کیا گیا ہے۔
الجھالین نے بتایا کہ صہیونی فوج کے ہاتھوں مسمار مکان فلسطینی شہری ھانی ابو عویضہ کی ملکیت تھا جس میں ان کے خاندان کے13 افراد مقیم تھے۔ قابض فوج نے بغیر کسی پیشگی نوٹس کے مکان کو مسمار کیا۔