امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن نے الزام عاید کیا ہے کہ ایران عرب ممالک میں پائے جانے والی بےچینی کا اصل محرک ہے۔ انہوں نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ عراق، شام، لبنان اور یمن سے دوسرے تمام عرب ملکوں سےنکل جائے۔
امریکی وزیرخارجہ نے ان خیالات کا اظہار عراق کے ’الحرہ‘ چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کیا۔ اس انٹرویو میں انہوں نے عرب ممالک کی تازہ ترین صورت حال کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔
ریکس ٹیلرسن کا کہنا تھا کہ شام، یمن، لبنان اور عراق میں ایران کی مداخلت کے حوالے سے پوری دنیا امریکی موقف کی حامی ہے۔
ان کا کہنا تھا جب تک ایران کی خطے میں مداخلت موجود ہے۔ اس وقت تک عرب ممالک میں استحکام اور دیر پا امن قائم نہیں ہوسکتا۔ امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہم تہران پر زور دیتے ہیں کہ وہ عرب ممالک میں موجود اپنی فورسز اور ملیشیاؤں کو واپس بلائے کیونکہ یہی اس کے مفاد میں ہے۔