مصرکے دورے پرآئے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے وفد نے جماعت کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں مصری حکام سے تفصیلی بات چیت کی ہے۔
لندن سے شائع ہونے والے اخبار’الحیاۃ‘ کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ دو رز کے دوران حماس کی قیادت نے مصری حکام کے ساتھ دو طرفہ دلچسپی کےامور سمیت دیگر اہم معاملات پر تفصیل بات چیت کی ہے۔ توقع ہے کہ بات چیت کے اگلے مرحلے میں صدر محمودعباس کی جماعت تحریک فتح کا وفد بھی شامل ہوجائے گا۔
اخباری رپورٹ کے مطابق حماس کےو فد نے مصری حکام سے بات چیت کے دوران غزہ کی پٹی می خراب معاشی صورت حال، علاقے کی اسرائیلی ناکہ بندی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بحران پر بات چیت کی۔ ذرائع کے مطابق حماس کےوفد نے مصری حکومت پر زور دیا کہ وہ غزہ کی بین الاقوامی گذرگاہ رفح کو کھولنے کا اپنا وعدہ پورا کرے۔
ذرائع حماس کے وفد اور مصری حکومت کے درمیان ہونے والی بات چیت میں فلسطینیوں کے درمیان تعطل کا شکار مصالحتی کوششوں پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حماس کے وفد کے ساتھ ساتھ تحریک فتح کا ایک وفد بھی قاہرہ میں موجود ہے۔ توقع ہے کہ دونوں جماعتوں کے وفود ایک ساتھ مصری حکام کے ساتھ بات چیت میں شامل ہوں گے۔
خیال رہے کہ حماس کا وفد اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں جمعہ کو مصر کے دورے پر گیا تھا۔ اس دورے کا مقصد حماس اور مصر کے درمیان تعلقات کےفروغ کے ساتھ ساتھ غزہ کی پٹی کے عوام کو درپیش معاشی مسائل کے حل پربات چیت کرنا ہے۔