پنج شنبه 01/می/2025

روس میں مسافر طیارہ گر کر تباہ،71 افراد ہلاک

پیر 12-فروری-2018

روس کی خبررساں ایجنسی تاس نے خبر دی ہے کہ روس کا ایک مسافر طیارہ پرواز کے چند ہی منٹوں بعد ماسکو کے قریب گر کر تباہ ہو گیا ہے اور اس میں سوار تمام کے تمام 71 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ساراتوو نامی علاقائی فضائی کمپنی کا یہ طیارہ ماسکو کے ایک ہوائی اڈے سے بلند ہونے کے کچھ ہی دیر بعد راڈار سے غائب ہو گیا۔ یہ طیارہ ڈوموڈیڈووو کے ہوائی اڈے سے ماسکو کے جنوب مشرق میں 1000 میل دور واقع شہر اورسک جا رہا تھا ۔

دو انجنوں والے اس جہاز کا ملبہ ہوائی اڈے سے 25 میل دور رامن سکوئی کے برفانی علاقے میں پایا گیا ہے۔

نیوز ایجنسی تاس کے مطابق یہ طیارہ 2010 سے پروازوں کیلئے استعمال کیا جا رہا تھا۔ تاہم کچھ پرزے دستیاب نہ ہونے کی بنا پر اسے دو برس کیلئے گراؤنڈ کر دیا گیا تھا۔

جہاز میں 65 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے جن میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچ سکا۔ روس کی تحقیقاتی ٹیم کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ معلوم کرنے کیلئے تمام امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔

روس کے صدر ولادی میر پوٹن نے تحقیقات کی نگرانی کیلئے پہلے سے طے شدہ صحت افزاء مقام سوچی کا دورہ منسوخ کر دیا ہے جہاں اُنہیں فلسطین کے صدر محمد عباس سے ملاقات کرنی تھی۔ سوچی میں روسی صدر کی ایک سرکاری رہائشگاہ موجود ہے۔ اب تبدیل شدہ پروگرام کے مطابق فلسطینی صدر محمد عباس روسی صدر پوٹن سے ماسکو میں ملاقات کریں گے۔

مختصر لنک:

کاپی