فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں مزاحمت کاروں نے اسرائیل کا ایک جاسوس ڈرون مار گرایا اور اس کا ملبہ بھی قبضے میں لے لیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق شمالی غزہ میں بیت حانون کے مقام پر فضاء میں اڑنے والے اسرائیل کے ایک جاسوس ڈرون طیارے کو اس وقت مار گرایا گیا جب وہ علاقے اور فلسطینی مزاحمت کاروں کی سرگرمیوں کی تصاویر بنا رہا تھا۔
غزہ میں سیکیورٹی ذریعے نے مرکزاطلاعات کو بتایا کہ مار گرائے گئے اسرائیلی جاسوس ڈرون کا ملبہ قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ تین روز قبل شام میں کارروائیوں کے دوران اسرائیل کے ایف سولہ جنگی طیارے کو مار گرایا گیا تھا۔
غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوجیوں کے ڈرون کو مار گرائے جانے کے واقعات رونما ہوتےرہتے ہیں۔ حالیہ برسوں کے دوران فلسطینی مزاحمت کاروں نے اسرائیل کےکئی ڈرون طیارے مار گرائے اور ان کا ملبہ قبضے میں لے لیا۔ فلسطینی مزاحمت کار مار گرائے گئے ڈرونز کی تیاری میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی سے اپنے ہاں ایسے ڈرون بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔