اسرائیلی ریاست کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی تعمیرو مرمت پر عاید کردہ پابندیاں بدستور برقرار ہیں جس کے نتیجے میں قبلہ اول میں 20 مختلف مرمتی منصوبے مسلسل تعطل کا شکار ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی محکمہ اوقاف والاقصیٰ امور کے ایک ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی پولیس اور دیگر صہیونی اداروں کی طرف سے مسجد اقصیٰ میں مرمتی کام پر عاید کردہ پابندیاں بدستور موجود ہیں۔
نامہ نگار کے مطابق فلسطینی محکمہ اوقاف کی طرف سے مسجد اقصیٰ کے اندر مرمت کے 20 پروجیکٹ التوا کا شکار ہیں۔ یہ تمام پروجیکٹ فلسطینی محکمہ اوقاف اور الھاشمی فنڈ کمیٹی کے اشتراک سے شروع کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تعطل کا شکار اہم اسکیموں میں لائٹننگ، بجلی کی وائرنگ کی تبدیلی، قبۃ الصخرۃ میں مرمت اور بجلی کے کام کی تجدید اور دروازوں پر پچی کاری کے منصوبے شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ کے مرمتی امور میں اسرائیلی پولیس کی مداخلت کی روک تھام کے لیے اعلیٰ سطح پر رابطے جاری ہیں۔
درایں اثناء مسجد اقصیٰ کے ڈائریکٹر الشیخ عمر الکسوانی نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی تعمیرو مرمت پر عاید کردہ اسرائیلی پابندیاں برقرار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صہیونی پولیس مسجد اقصی کے مرمتی امور میں مسلسل مداخلت کر رہی ہے۔