اسرائیلی اخبارات کے مطابق آئرلینڈ کی پارلیمنٹ میں ایک بل پیش کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ اس بل میں فلسطین میں یہودی کالونیوں میں تیار ہونے والی مصنوعات کے استعمال کو عالمی قانون کی خلاف ورزی تصور کیاجائے گا۔
اسرائیلی اخبار’یدیعوت احرونوت‘ کی رپورٹ کے مطابق آئرش پارلیمان میں یہ بل انسانی حقوق کی تنظیموں اور اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی تحریک چلانے والے گروپوں کے مطالبے پر پیش کیا جا رہا ہے۔
اخباری رپورٹ کے مطابق آئرش پارلیمنٹ میں پیشی کے لیے تیار کئے گئے بل میں مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں میں قائم اسرائیلی صنعتی کالونیوں اور کارخانوں میں تیارکی گئی مصنوعات کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ یورپی ممالک میں آئرلینڈ کا شمار ان ملکوں میں ہوتا ہے جہاں فلسطنیوں کی حمایت اور اسرائیلی جرائم کے بائیکاٹ کی سب سے زیادہ مخالفت میں آواز بلند کی جاتی ہے۔