فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسپتالوں میں طبی سہولیات کے فقدان، ایندھن کی کمی اور دیگر مسائل کے باعث غزہ میں ایک نئے المیے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگر غزہ میں اسپتالوں کا بحران حل کرنے میں مزید تاخیر کی گئی تو اس کے نتیجے میں علاقے میں کوئی نیا المیہ رونما ہوسکتا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں عالمی ادارہ صحت کے ترجمان جیرالڈ روکنشاؤپ نے ایک پریس کانفرنس سےخطاب میں کہا کہ غزہ کی پٹی کے اسپتالوں کو طبی سہولیات فراہم نہ کی گئیں اور انہیں ایندھن کی سپلائی یقینی نہ بنائی گئی تو غزہ کے اسپتالوں میں نیا المیہ رونما ہوسکتا ہے۔
خیال رہےکہ غزہ کی پٹی کے اسپتالوں میں گذشتہ کئی ہفتوں سے ایندھن کی سپلائی معطل ہونے کےباعث کئی اسپتال بند کردیے گئے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ فروری 2018ء کے آخر تک غزہ کے اسپتالوں کو ہرصورت میں ایندھن اور دیگر ضروریا ت کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔
اس موقع پر غزہ کی پٹی میں سیکرٹری شعبہ صحت نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے اسپتال انتہائی مشکل حالات کا سامنا کررہےہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرغزہ کی پٹی میں بروقت طبی سہولیات فراہم نہ کی گئیں تو آنے والے دنوں میں حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں۔