مصر کی سیاسی جماعت ’الغد‘ نے رواں سال مارچ میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں اپنا امیدوار کھڑا کرنے کا اعلان کیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ’الغد‘ کی طرف سے موجودہ صدر عبدالفتاح السیسی کے مقابلے کے لیے جماعت کے صدر موسیٰ مصطفیٰ موسیٰ کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مصطفیٰ موسیٰ اپنے کاغذات نامزدگی آخری تاریخ سے قبل جمع کرانے کے لیے تیار ہیں۔ وہ آج سوموار کو اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔ ان کی جماعت نے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے پارلیمنٹ کے 20 ارکان کی حمایت حاصل کرلی ہے۔
’اخبار الیوم السابع‘ کی ویب سائیٹ کے مطابق الغد کےچیئرمین جو مصر کی عرب قبائل کونسل کے چیئرمین بھی ہیں صدارتی انتخابات کی دوڑ میں صدر السیسی کا مقابلہ کریں گے۔
خیال رہے کہ موسیٰ مصطفیٰ موسیٰ سنہ 2005ء میں الغد پارٹی سے الگ ہوگئے تھے۔ اس وقت جماعت کی قیادت ایمن نور کے پاس تھی۔ سنہ 2011ء میں الغد پارٹی نے انہیں دوبارہ شامل کرنے کے بعد جماعت کا صدر مقرر کردیا تھا۔
اگرچہ موسیٰ مصطفیٰ موسیٰ کوئی مضبوط امیدوار نہیں تاہم وہ مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔