اسرائیلی حکومت نے یورپی ملک کروشیا کو جدید طرز کے’ایف 16‘ جنگی طیارے فروخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب صہیونی ریاست بھارت کو 8 ہزار ٹینک شکن میزائل اور 300 لانچر فروخت کرنے کے لیے تیار ہے۔
عبرانی اخبار ‘ہارٹز‘ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ’فیس بک‘ پر پوسٹ اپنے بیان کہا کہ انہوں نے سوئٹرزلینڈ میں ڈاووس کے مقام پر منعقدہ عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر اپنے کروشین ہم منصب سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں کروشیا کے وزیراعظم انڈریہ بلینکو فیٹچ نے اسرائیل سے ’ایف 16‘ جنگی طیارے خرید کرنے کی خواہش ظاہر کی تو میں نے انہیں بتایا کہ ہم آپ کو فوج کے پاس موجود اضافی ’ایف 16‘ جنگی جہاز فروخت کردیں گے۔
یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا اسرائیل کروشیا کو کتنے جنگی طیارے فروخت کرے گا تاہم ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی ڈیل کی مالیت 2 ارب امریکی ڈالر ہے۔ اسرائیل کروشیا کو امریکا سے اجازت لینے کے بعد یہ جنگی ہتھیار فروخت کرے گا۔
نیتن یاھو کا کہنا تھا اسرائیل اور کروشیا کے درمیان اقتصادی، سیکیورٹی، پانی، زراعت، تعلیم اور سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس جولائی میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ کروشیا کے سرکاری دورے پر گئے تھے۔ اس موقع پر بھی کروشیا اور اسرائیل کے درمیان دو طرفہ عسکری تعاون کے فروغ سے اتفاق کیا گیا تھا۔
کروشیا اور بھارت کے ساتھ اسرائیل کے دفاعی معاہدے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب امریکا کی جانب سے بھی بھارت اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط کرنے کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔
حال ہی میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو نے بھارت کا چھ روزہ دورہ کیا تھا۔ اس دورے سے قبل کہا گیا تھا کہ بھارت اور اسرائیل کے درمیان دفاعی معاہدہ معطل ہوگیا ہے تاہم بعد ازاں فیصلہ تبدیل کرلیا گیا تھا۔