اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھونے کہا ہے کہ وہ جلد ہی غرب اردن میں ایک نئی یہودی بستی کے قیام کی منظوری دیں گے۔
عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی 7 کے مطابق حکومتی مشیر نے مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودیوں کو بسانے کے لیے ایک نئی کالونی قائم کرنے کی منظوری دینے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ’حفات گیلاد‘ نامی یہودی کالونی کے قیام کے لیے غرب اردن میں زمین کی کھدائی اور اسے ہم وار کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ اسرائیلی وزارت قانون کی طرف سے ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے جو مذکورہ مقام تک رسائی کے لیے سڑک کی تعمیر کی جائزہ رپورٹ تیار کرے گی۔
عبرانی ٹی وی 10 کے مطابق دو حکومتی وزیروں نفتالی بینٹ اور اییلت شاکیڈ نے بتایا ہے کہ وزیر قانون منڈلبیلٹ نے غرب اردن میں نئی کالونی قائم کرنےکی منظوری دی ہے مگر اس تجویز پرآئندہ اتوار کو کابینہ کے اجلاس میں بھی غور کیا جائے گا۔
عبرانی ٹی وی کے مطابق صہیونی ریاست کالونی کے قیام کے لیے استعمال ہونے والی اراضی کے قانون پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔