خلیجی ریاست کویت نے فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے ذمہ دار اقوام متحدہ کےادارے ’اونروا‘ کو پناہ گزینوں کے لیے سروسز فراہم کرنے کے لیے 9 لاکھ ڈالر کی امداد جاری کی ہے۔
کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے ہفتے کوبتایا کہ کویتی حکومت کے ایک وفد نے امریکی شہر ’نیویارک‘ میں ’اونروا‘ کے عہدیدارون سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے موقع پرکویت کی جانب سے نو لاکھ ڈالر کا امدادی چیک دیا۔
خیال رہے کہ ’اونروا‘ کے ہائی کمشنر پییر کرینپول نے گذشتہ سوموار کو ادارے کے لیے نئی فنڈ ریزنگ مہم شروع کرتے ہوئے امداد دینے والے ملکوں سے مزید امداد کی اپیل کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ امداد دینے والے ممالک امریکا کی طرف سے روکی گئی 65 ملین ڈالر کی کمی پوری کرنے کے لیے ادارے کی مدد کریں۔
کرینپول نے کہا کہ ’اونروا‘ کو تاریخ کے بدترین مالی بحران کا سامنا ہے۔ عالمی برادری نے امداد نہ دی تھی تو فلسطینی پناہ گزین مزید مشکلات کا شکار ہوسکتےہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینی پناہ گزینوں کے ذمہ دار ادارے’اونروا‘ کو دی جانے والی سالانہ 300 ملین ڈالر کی امداد میں سے 65 ملین ڈالر کی امداد کم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس پر اقوام متحدہ نے کڑی تنقید کی تھی۔
خیال رہے کہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے زیراہتمام ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کا قیام ’1949‘ میں عمل میں لایا گیا تھا۔ اس ادارے کے ذمہ اردن، شام، لبنان، غرب اردن اور غزہ کی پٹی میں پناہ گزین کیمپوں میں موجود فلسطینیوں کو خوراک، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں مدد فراہم کرنا ہے۔