فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں جبع کے مقام پر اسرائیلی فوج کی ایک گشتی پارٹی پرنامعلوم افراد کی طرف سے فائرنگ کی گئی جس کے بعد قابض فوجی وہاں سے فرار ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ہفتے کی شام اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے جبع قصبے میں تلاشی کا سلسلہ شروع کردیا۔ گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران قابض فوج نے توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی۔
اس دوران اسرائیلی فوج کی گشتی پارٹی پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد فوجی وہاں سے نکل گئے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ قابض فوجیوں پر فائرنگ العرقہ قصبے کے قریب کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی ایک گاڑی پر فائرنگ کی گئی جو تیزی کے ساتھ کںٹرول ٹاور کے قریب واقع چیک پوسٹ کی طرف بھاگ گئی تاہم فائرنگ سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا اور گھر گھر تلاشی کی گئی۔ قابض فوج نے گاڑیوں کی بھی تلاشی لی تاہم کسی شہری کی گرفتاری کی اطلاعات نہیں ملیں۔