اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر اور فلسطین کی اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ۔ ان کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل کشمیر، فلسطین سے متعلق اپنی قراردادوں پرعمل درآمد کرانے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل قراردادوں پر عمل کروا کر اپنی حیثیت تسلیم کرائے ، دنیا بھر کے عوام کا عالمی ادارے سے اعتماد اٹھتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی کوئی حل قابل قبول نہیں، مشرق وسطیٰ میں امن صرف منصفانہ فیصلوں سے ہی ممکن ہے ، شام کے تنازع کا واحد حل بامقصد مذاکرات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرتے ہوئے القدس پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک مشرق وسطیٰ میں دیر پا امن کا قیام ممکن نہیں۔