فلسطین کے سرکردہ صحافیوں نے امریکی نائب صدر مائیک پنس کے دورہ مشرق وسطیٰ کے دوران ان کی کوریج کے بائیکاٹ کیا ہے۔ خیال رہے کہ امریکی نائب صدر ان دنوں مشرق وسطیٰ کے ممالک کے دورے پر ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی اور غرب اردن میں فلسطینی پریس کلبوں کی طرف سے جاری کردہ بیانات میں کہا گیا ہے کہ امریکی نائب صدر کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دینے کی حمایت کرنے کے بعد وہ ایک متنازع شخصیت ہیں۔ فلسطینی صحافی بی طور احتجاج ان کی کوریج کابائیکاٹ کریں۔
پریس کلب کی طرف سے کہا گیا ہےکہ امریکی نائب صدر کے دورے کا بائیکاٹ کرنے میں پوری قوم اور سرکاری موقف ایک ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیے جانے کے بعد امریکیوں کا ہرسطح پر بائیکاٹ کیا جائے۔
بیان میں عرب ممالک اور عالمی ابلاغی اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بھی امریکیوں اور صہیونیوں کا بائیکاٹ کریں۔
واضح رہے کہ امریکی نائب صدر ایک ایسے وقت میں مشرق وسطیٰ کا دورہ کررہے ہیں جب دوسری جانب امریکا اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان القدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دینے اور دیگر انتقامی کارروائیوں کے بعد سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے۔ فلسطینی اتھارٹی اور صدرعباس نے بھی امریکی نائب صدر مائیک پنس سے ملاقات سےانکار کردیا۔