اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں مسجد ابراہیمی کےقریب سے ایک فلسطینی خاتون کو حراست میں لیا ہے جس پر یہودی آباد کاروں پر حملے کے لیے اپنے پاس چاقو رکھنے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق ہفتے کواسرائیلی فوج نے مسجد ابراہیمی کے قریب سے ایک فلسطینی خاتون شہری کو حراست میں لیا اور دعویٰ کیا ہے کہ اس کے قبضے سے ایک چاقو برآمد کیا گیا ہے۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق گرفتار فلسطینی خاتون کی شناخت 32 سالہ منتھیٰ ابراہیم علی ابو حمدیہ کے نام سے کی گئی ہے جس کا رہائشی تعلق غرب اردن کے شہر الخلیل سے ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مسجد ابراہیمی کے قریب ایک چیک پوائنٹ پر فلسطینی لڑکی کو روکا، اس کی تلاشی لی اور اس کے بعد اسے کسی نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔