جمعه 15/نوامبر/2024

’اسرائیل قبلہ اول کو تقسیم یا شہید کرنے کی سازش کر رہا ہے‘

جمعہ 19-جنوری-2018

بیرون ملک فلسطینیوں کی پیپلز کانگریس کی طرف تشکیل کردہ  ’دفاع القدس‘ کمیٹی نےخبردار کیا ہے کہ صہیونی ریاست اپنی شاطرانہ اور شیطانی چالوں کے ذریعے مسجد اقصیٰ کو شہید یا تقسیم کرنا چاہتی ہے۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ قبۃ الصخرۃ کے مقام پر بجلی کی مرمت کی اجازت نہ دینا قبلہ اول کے مذہبی امور میں مداخلت  اور مسلمانوں کے مقدس مذہبی مقام کو قصدا نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔

کمیٹی کی چیئرپرسن نائلہ الوعری کا کہنا ہے کہ ہم اسرائیل کی طرف سے قبلہ اول کے حوالےسے اٹھائے گئے اقدامات پر سخت الفاظ میں تنبیہ کرتے ہیں۔ صہیونی ریاست کی شیطانی چالیں القدس اور پورے فلسطین پر اپنی اجارہ داری مسلط کرنے کی کوشش ہیں۔ ہم ان کے سنگین نتائج کے حوالے سے خبردار کرتے ہیں۔ اگر یہ سازشیں جاری رہتی ہیں تو قبلہ اول کی تقسیم یا اس کی شہادت پر منتج ہوسکتی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ قبلہ اول کے کسی بھی حصے کی مرمت فلسطینیوں کی ذمہ داری ہے اور فلسطینی قبلہ اول کے تمام امور کی انجام دہی کے پابند ہیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ اور قبۃ الصخرہ میں بجلی کی مرمت کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ قابض فوج کی طرف سےکہا گیا تھا کہ مسجد اقصیٰ میں بجلی کی مرمت کرنے والے الیکٹریشن اور دیگر کارکنوں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

القددس کمیٹی کا کہنا ہے کہ قابض صہیونی ریاست کی مجرمانہ مداخلت کے نتیجے میں قبلہ اول کی مرمت کے 40 منصوبے تعطل کا شکار ہیں۔ اسرائیل کا تازہ اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان القدس کو آگے بڑھانے کی سازش ہے جس کے تحت مسجدا قصیٰ اور پورا حرم قدسی یہودیوں کو دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی