عرب لیگ کی جانب سے امریکی حکومت کی طرف سے فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد کی بندش کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے مشکل وقت میں لاکھوں فلسطینی پناہ گزینوں کی کفالت کرنے والے ادارے ’اونروا‘ کی امداد منجمد کی ہے۔ امریکی حکومت کا یہ اقدام ناقابل قبول ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت کی طرف سے فلسطینی پناہ گزینوں کی مالی امداد بند کرنےسے قضیہ فلسطین کے حوالے سے واشنگٹن کے طرز عمل بارے مزید شکوک وشبہات پیدا ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کے بعد امریکی حکومت غیرجانب دار ثالث نہیں رہا ہے۔
عرب لیگ کا کہنا ہے کہ امریکی حکومت کی طرف سے فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد میں کمی کے دور رس منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ اس طرح کے اقدامات سے فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان بات چیت کے امکانات مزید متاثر ہوسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی وزارت خارجہ نے منگل کو ایک بیان میں کہا تھا کہ اس نے فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے ذمہ دار ادارے’اونروا‘ کی 65 ملین ڈالر کی امداد کم کردی ہے۔ امریکا اونروا کو سالانہ صرف 60 ملین ڈالر کی رقم ادا کرے گا۔