چهارشنبه 30/آوریل/2025

امریکی نگرانی میں القدس کے خلاف خطرناک سازش ہو رہی ہے:روحانی

بدھ 17-جنوری-2018

ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا کی قیادت میں فلسطینیوں اور القدس کے خلاف ایک نئی اور خطرناک سازش تیار کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنا امریکا کا عالمی قوانین سے علم بغاوت بلند کرنے کے مترادف ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم ’او آئی سی‘ کے زیرانتظام اسلامی پارلیمانی اتحاد کے 13 ویں اجلاس سے خطاب میں ایرانی صدر نے کہا کہ خطے میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافے نے القدس اور فلسطین کو عدم توجہی کا شکار کیا ہے۔ انہوں نے فلسطین اور القدس کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے فلسطینی قوتوں کی صفوں میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر روحانی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان القدس باطل، باغیانہ اور فلسطینی قوم پر حملے کےمترادف ہے۔

اس موقع پر اسلامی پارلیمانی اتحاد کی مرکزی کمیٹی نے القدس اور فلسطینی قوم کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ بیت المقدس ارض فلسطین کا اٹوٹ انگ ہے اور اس کے دفاع کے لیے فلسطینی قوم کی تحریک انتفاضہ کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

اس موقع پر اسلامی پارلیمانی اتحاد نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ القدس اور فلسطین کے حوالے سے اپنی قراردادوں پر سختی سے عمل درآمد کرائے اور فلسطین پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ ختم کرانے کے لیےموثر حکمت عملی وضع کرے۔

مختصر لنک:

کاپی