چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسلامی جہاد کے رہ نما کے خلاف مقدمہ کی سماعت فروری تک ملتوی

منگل 16-جنوری-2018

اسرائیل کی سالم فوجی عدالت نے اسلامی جہاد کے زیرحراست رہ نما الشیخ خضر عدنان کے خلاف جاری مقدمہ کی سماعت 5 فروری 2018ء تک ملتوی کردی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز الشیخ خضرعدنان کے خلاف مقدمہ کی سماعت کی گئی۔ اس موقع پر اسرائیلی  فوجی پراسیکیوٹر نے الشیخ خضرعدنان پر اسلامی جہاد کے لیے کام کرنے کا الزام عاید کیا اور کا کہ عدنان اسلامی جہاد کے سرکردہ رکن ہیں اور اسرائیل کے خلاف سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔

شہداء فاؤنڈیشن کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ الشیخ خضرعدنان کو 11 دسمبر 2017 ء کو جنین سے حراست میں لیا گیا تھا۔ گرفتاری کے وقت قابض فوج نے اسیر کے اہل خانہ اور اہلیہ پر وحشیانہ تشدد کی بھی کوشش کی تھی۔ قابض فوج نے الشیخ عدنان کو زمین پر پٹخنے کے بعد اس کے ہاتھ اور پاؤں باندھ دیے تھے اور اس کے بعد ٹارچر سیل میں منتقل کردیا گیا تھا جہاں ان پر تشدد کیا گیا۔

خیال رہے کہ الشیخ خضرعدنان کی عمر 40 سال ہے اور وہ چھ بچوں کے باپ ہیں۔ انہیں اسرائیلی فوج باربار حراست میں لیتی اور انہیں اسلامی جہاد کے لیے کام کرنے کی پاداش میں قیدو بند میں ڈالا جاتا رہا ہے۔

خضرعدنان ان فلسطینیوں میں سر فہرست ہیں جو اپنی بلا جواز قید اور مظالم کے خلاف طویل بھوک ہڑتال کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے 2014ء میں انتظامی قید کے خلاف مسلسل 66 دن تک بھوک ہڑتال کی تھی۔

مختصر لنک:

کاپی