اسرائیلی حکام نے فلسطینی محکمہ اوقاف کو مسجد اقصیٰ کے اندر الیکٹرشن سسٹم کی مرمت کی اجازت دینے سےانکار کردیا ہے جس پر محمکمہ اوقاف کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق محکمہ اوقاف و مذہبی امور کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ مسجد اقصیٰ میں بجلی کی تاروں کی مرمت کرنا چاہتا ہے مگر قابض حکام نے انہیں قبلہ اول میں مرمتی کام کی اجازت دینے سے صاف انکار کردیا ہے۔
بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے قبلہ اول میں بجلی کے کی وائرنگ ٹھیک کرنے اور بجلی کےدیگر کاموں کی مرمت پر پابندی مسجد اقصیٰ کےامور میں کھلی مداخلت ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے چند روز قبل مسجد اقصیٰ میں بجلی کے ایک سرکٹ کے شارٹ ہونے سے قبۃ الصخرۃ کی رات کے وقت روشنیاں نہیں جلائی جا رہی ہیں۔ دارے کے کارکنان نے بجلی کی تاروں کی مرمت کی کوشش کی مگر اسرائیلی پولیس کی طرف سے سختی کے ساتھ کہا گیاہے کہ انہیں مسجد اقصیٰ میں بجلی کا سامان لانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
فلسطینی محکمہ اوقاف کا کہنا ہے کہ صہیونی ریاست قبلہ اول کے خلاف اپنے خوفناک جرائم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ مسجد میں مرمتی کام پر پابندی عاید کرنا بھی صہیونی دشمن کا ایک سنگین جرم ہے جس کا مقصد قبلہ اول کو ویران کرنا ہے۔