اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ یہودی آباد کاروں نے فلسطینی شہریوں کی جاسوسی، ان کے تعاقب اور جسمانی، مادی اور معنوی نقصان پہنچانے کے لیے مانیٹرنگ سیل تشکیل دیا ہے۔
اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 7 کی رپورٹ کے مطابق شمالی فلسطین میں آباد کیے گئے صہیونیوں نے اپنے طور پر ایک فوٹوگرافی سیل تشکیل دیا ہے جس کے کارندوں کو دریائے اردن کے مغربی کنارے اور دوسرے مقامات پر پھیلا دیا گیا ہے۔
ٹی وی رپورٹ کے مطابق فوٹو گرافی سیل کی تشکیل کامقصد فلسطینی شہریوں کا تعاقب کرنا اور ان کی گرفتاری میں فوج اور پولیس کی مدد کرنا ہے۔
ٹی وی کی ویب سائیٹ پر پوسٹ ایک خبر میں کہا گیا ہے کہ فوٹو گرافی سیل کی تشکیل ’ یہودا اور سامرا میں جیوش اتھارٹی موومنٹ‘ نامی گروپ نے دیا ہے۔ اس گروپ کے ارکان کو فلسطینی اور یہودی کالونیوں کو ملانے والے مقامات پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ وہ فلسطینیوں کی نقل وحرکت پر نظر رکھیں مشکوک فلسطینیوں کی تصاویر اور ویڈیوز بنا کران کے حوالے سے پولیس اور فوج کو مطلع کریں۔
ٹی وی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فوٹو گرافی سیل کے قیام کا مقصد فلسطینیوں کے کریک ڈاؤن کی کارروائیوں اور تعاقب میں اسرائیلی فوج کی مدد کرنا ہے۔ یہ آباد کار فلسطینی مظاہرین کی تصاویر اور ویڈیوز بناکر فوج اور پولیس کو دیں گے جو ان تصاویر کی روشنی میں مظاہروں میں حصہ لینےوالے فلسطینیوں کی نشاندہی کرکے انہیں گرفتار کرسکیں گے۔
اس سیل کو جدید کیمروں اور دیگر مواصلاتی آلات کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور انہیں فوج اور دیگر اداروں کی جانب سے باقاعدہ تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔