ورزش کے بے بہا فواید سے کسی کو انکار نہیں۔ ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ درمیانی عمر میں ہفتے میں کم سے کم پانچ دن کی ورزش امراض قلب کے خطرات کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔
ماہرین نے اس حوالے سے مکمل دو سال تک تحقیق جاری رکھی۔ انہوں نے ورزش کے دل کے امراض سے بچاؤ کے حوالے سے چھان بین کی تو معلوم ہوا کہ ورزش دل کی شریانوں کو تقویت دیتی اور امراض قلب سے بچانے کا موثر ذریعہ ثابت ہوسکتی ہے۔ ادھیڑ عمر کے افراد کے لیے ورزش کے دیگر فواید میں سے ایک اہم فایدہ امراض قلب سے بچاؤ بھی ہے۔
یہ تحقیق سائنسی جریدے’سیرکیو لائشن‘ میں شائع کی گئی ہے۔ تحقیق تیاری کے دوران 45 سے 64 سال کی عمر کے 53 افراد کا طبی معائنہ کیا گیا۔ یہ تمام افراد مستقل بنیادوں پر ورزش نہیں کرتے تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نقل وحرکت میں کمی، بیٹھے رہنے اور جسمانی نقل وحرکت نہ کرنے سے امراض قلب کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
تحقیق کے دوران دو گروپ بنائے گئے۔ ایک گروپ میں وزن کم کرنے اور یوگاکرنے والے افراد کو شامل کیا گیا اور دوسرے گروپ میں ورزش نہ کرنے والے افراد کا معائنہ کیا گیا تو ان میں امراض قلب کے خطرات زیادہ پائے گئے۔
ورزش کرنے والے افراد کے دل میں آکسیجن بھر طریقے سے پہنچ رہا تھا۔ ان کے اعضاء میں پوری لچک اور دل کی دھڑکن بھی متوازن تھی جب کہ ورزش نہ کرنے والوں کو مختلف نوعیت کے عوارض لاحق تھے۔