امریکی صدر ڈونڈل ٹرمپ کی طرف سےمقبوضہ بیت المقدس کو صہیونی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کیے جانےکےخلاف فلسطینیوں کا احتجاج چھٹے ہفتےمیں داخل ہوگیا ہے۔ کل جمعہ کے روز نماز جمعہ کےاجتماعات سےقبل اور اس کے بعد وسیع پیمانے پر دفاع القدس ریلیاں نکالی گئیں۔ دسیوں مقامات پر فلسطینی مظاہرین اور قابض صہیونی فوج کے درمیان تصادم ہوا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔
ہلال احمر کے مطابق غرب اردن میں اسرائیلی فوج کے تشدد سے 43 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ بیت المقدس اور غزہ کی پٹی میں بھی احتجاج کیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق جمعہ کے روز اسرائیلی فوج نے ’عزم آزادی القدس مظاہروں‘ کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ اندھا دھند فائرنگ، لاٹھی چارج، آنسوگیس کی شیلنگ، دھاتی گولیوں کی بوچھاڑ اور تشدد کےدیگر حربوں کے استعمال کے نتیجے میں دو سو کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔
کل جمعہ کو مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کے لیے آنے والے فلسطینی نمازیوں پر اسرائیلی فوج نے شدد کیا جس کے نتیجے میں متعدد نمازی زخمی ہوگئے۔ قابض فوج اور پولیس کے پرتشدد حربوں کے باوجود 40 ہزار فلسطینیوں نے قبلہ اول میں نماز جمعہ ادا کی۔
غزہ ہی میں ایک دوسرے مظاہرے پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ فائرنگ سے ایک اور فلسطینی شہید ہوگیا۔ دوسرے شہید کی شناخت محمد نبیل محیسن کے نام سےکی گئی ہے جس کی عمر 29 سال بتائی جاتی ہے۔
نابلس میں عراق بورین کے مقام پر شہید فلسطینی قینو کی تدفین کے موقع پر ہزاروں افراد نے اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف جلوس نکالا۔ اسرائیلی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کی۔
رام اللہ اور البیرہ کے مقام پر فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر ’توتو‘ گن سے گولیاں چلائی گئیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق عزم آزادی القدس مظاہروں کا سلسلہ پورے فلسطین میں جاری رہا۔ کل نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد رام اللہ ، الخلیل، نابلس، سلفیت، بیت لحم، جنین، بیت المقدس اور مشرقی وشمالی غزہ میں اسرائیلی فوج کی طرف سے آنسوگیس کی اندھا دھند شیلنگ کی گئی۔
ہلال احمر کے رضاکاروں کے مطابق شمالی بیت لحم میں دفاع القدس ریلی پر اسرائیلی فوج نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک درجن فلسطینی شہری زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے دھاتی گولیوں اور ربڑ کی گولیوں سے فلسطینی شہریوں کے چہروں اور سروں کو نشانہ بنایا گیا۔ زخمی ہونے والے دو فلسطینیوں کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
قابض فوج کی طرف سے زہریلی آنسوگیس کی شیلنگ سے دسیوں فلسطینی زخمی ہوئے۔
سلفیت میں قابض فوج کی طرف سے دو فلسطینیوں کو ’توتو‘ گن سے نشانہ بنایا گیا۔
فلسطین کے دوسرے شہروں القدس، الخلیل، نابلس اور رام اللہ میں بھی فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم ہوا۔ قابض فوج نے نہتے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال جاری رکھا جس کے نتیجے میں سیکڑوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔