اسرائیلی وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین نے اسرائیلی فوجیوں کو تھپڑ مارنے کے الزام میں گرفتار فلسطینی بچی عہد تمیمی کے خاندان پر ناروا پابندیاں عاید کردی ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع نے عہد تمیمی کے اہل خانہ اور دیگر اقارب کے خلاف انتقامی کارروائی کرتے ہوئے 20 افراد کے اسرائیل میں داخلے پر پابندی عاید کردی ہے۔
خیال رہے کہ عہد تمیمی کو اسرائیلی فوج نے انیس دسمبر دو ہزار سترہ کو حراست میں لیا تھا۔ اس پر الزام عاید کیا گیا تھا کہ اس نے 15 دسمبرکو اسرائیلی فوجیوں کودھکے دیے اور ایک اہلکار کے منہ پر تھپڑ رسیدکیا تھا۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے عہد تمیمی کے والد کی بیرون ملک سفر پر پابندی عاید کردی ہے۔ صہیونی حکام کا کہنا ہے کہ عہد تمیمی کے والدین اور دیگر اقارب اسرائیل کے خلاف نفرت پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔
لائبرمین کا کہنا ہے کہ تمیمی خاندان کے ساتھ سخت معاملہ کیاجائے گا۔ انہیں گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات بھی چلائے جاسکتے ہیں۔