اسرائیلی حکومت نے تنظیم آزادی فلسطین کے زیرانتظام فلسطین نیشنل فنڈ کو ’دہشت گرد تنظیم‘ قرار دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی داخلی سلامتی کی وزارت کی طرف سےجاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 28 جون 2017ء کو عارضی طور پر فلسطین نیشنل فنڈ کو دہشت گرد تنظٰیم قرار دینے کا فیصلہ باضابطہ طورپرحتمی قراردیا گیا ہے۔
دوسری جانب تنظیم آزادی فلسطین کے رکن حنا عمیرہ نے اسرائیلی حکومت کی طرف سے فلسطین نیشنل فنڈ کو دہشت گرد گروپ قرار دینے کو اسرائیل کی طرف سے اشتعال انگیزی اور بلیک میلنگ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی طرف سے فلسطین نیشنل فنڈ کو دہشت گرد گروپ قرار دینے کا اعلان امریکا اور اسرائیل کی طرف سے فلسطینی اتھارٹی کی امداد بند کرنے کی سازشوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل نے حال ہی میں فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد بند کرنے کا اعلان کرنے کے بعد فلسطین نشنل فنڈ کو دہشت گرد قرار دیا ہے۔
حنا عمیرہ نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے فلسطین نیشنل فنڈ کو دہشت گرد گروپ قرار دینے کے بعد اس کے زیرانتظام چلنے والے کئی فلسطینی ادارے متاثر ہوسکتے ہیں۔ اس کے اقدام کے نتیجے میں غزہ کی پٹی، غرب اردن اور بیت المقدس میں فلاحی کاموں کے منصوبوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور بڑی تعداد میں فلسطینی بے روزگار ہوسکتے ہیں۔