اسرائیلی فوجیوں کوتھپڑ مارنے کے الزام میں گرفتارکی گئی 16 سالہ فلسطینی بچی عہد تمیمی کی حمایت میں امریکی شہر نیویارک میں بھی مظاہرہ کیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق نیویارک شہر میں مسلمان کمیونٹی کی جانب سے عہد تمیمی کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ کیاگیا۔ مظاہرین نے تمیمی کی اسرائیلی جیل سے رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔
نیویارک میں عہد تمیمی کی حمایت میں نکالی گئی ریلی میں سیکڑوں شہریوں نےشرکت کی۔ اس موقع پر ترکی میں’خنظلہ تمغہ جرات‘ حاصل کرنے والی عہد تمیمی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
ریلی میں قضیہ فلسطین کےحامی سیکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔ تمام مظاہرین نیویارک میں گرینڈ سینٹرل اسٹیشن کے باہر جمع ہوئے اور عہد تمیمی کی حمایت میں نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھےجن پر عہد تمیمی کی فوری رہائی کے مطالبات درج تھے۔
خیال رہےکہ سولہ سالہ عہد تمیمی کو اسرائیلی فوج نے دو ہفتے قبل اس کے والدین اور ایک کزن سمیت حراست میں لے لیا تھا۔ عہد تمیمی پر ایک اسرائیلی فوجی کے منہ پر تھپڑ مارنے کا الزام عایدکیا گیا تھا۔ اس الزام میں حال ہی میں اسرائیلی فوجی عدالت نے اس پر فردجرم عاید کی ہے۔