جمعه 09/می/2025

پرامن فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوج کا حملہ، 5 افراد زخمی

اتوار 7-جنوری-2018

فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی شہریوں کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان القدس کے خلاف نکالی گئی ایک ریلی کے دوران قابض اسرائیلی فوج نے پرامن مظاہرین پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں کم سے کم پانچ مظاہرین زخمی ہوگئے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ہفتے کے روز سیکڑوں فلسطینیوں نےالقدس میں شاہراہ صلاح الدین پر دفاع القدس ریلی نکالی۔ مظاہرین نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور القدس کے دفاع کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر اسرائیلی پولیس اور فوج نے پرامن فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر زہریلی آنسوگیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج، ربڑ کی گولیوں اور صوتی بموں سے حملہ کیا جس کے نتجے میں پانچ مظاہرین زخمی ہوگئے۔آنسوگیس کی شیلنگ سے درجنوں فلسطینی دم گھٹنے سے بھی متاثر ہوئے۔

عینی شاہدین نے ’قدس پریس‘ کو بتایا کہ ہفتے کی شام مظاہرین نے مغرب کی نماز شاہراہ صلاح الدین پر ادا کی۔ اس موقع پر بھی اسرائیلی پولیس نے مظاہرین پر تشدد کیا اور متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا۔

فلسطینی طبی امدادی ادارے ہلال احمر کے مطابق صوتی بموں اور لاٹھی چارج سے کم سے کم پانچ فلسطینی مظاہرین زخمی ہوئے ہیں۔

مظاہرین 6 دسمبر 2017ء کو جاری کیے گئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اقدام کے خلاف احتجاج کررہے تھے جس میں انہوں نے بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دیا تھا۔ ٹرمپ کےمتنازع اعلان القدس کے خلاف فلسطینی شہریوں کا ملک گیر احتجاج دوسرے ماہ میں جاری ہے۔

ٹرمپ کے اعلان القدس کے بعد اب تک اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 16 فلسطینی شہید، غرب اردن، غزہ اور القدس میں 3500 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی