چهارشنبه 30/آوریل/2025

عہد تمیمی، اس کی ولدہ اور کزن پر فرد جرم عاید

منگل 2-جنوری-2018

اسرائیل کی ایک فوجی عدالت نے  اسرائیلی فوجیوں کو تھپڑ مارنے کے کیس میں گرفتار فلسطینی بچی عہد تمیمی، اس کی والدہ اور ایک چچا زاد پر فرد جرم عاید کی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عوفر فوجی عدالت کی جانب سے 17 سالہ عہد تمیمی پر 15 دسمبر کو ایک فوجی افسر اور ایک سپاہی کو تھپڑ مارنے اور پانچ دیگر واقعات میں فوجی اہلکاروں پر حملوں کے الزام میں فرد جرم عاید کی۔ ان میں اسرائیلی فوجیوں پر سنگ باری کرنے، ان کے کام میں رخنہ اندازی کرنے اور توڑ پھوڑ کرنے جیسے الزامات شامل ہیں۔

عہد تمیمی کی والدہ ناریمان تمیمی پر تشدد کے واقعات میں شامل ہونے، آٹھ دسمبرکو ایک پرتشدد مظاہرے میں حصہ لینے اور فیس بک پر اسرائیلی فوج کے خلاف اکسانے کے الزمات کے تحت فرد جرم عاید کی گئی۔

ان دونوں ماں بیٹی پر فرد جرم عاید کرنے کے بعد عدالت نےمزید قانونی کارروائی کے لیے انہیں پولیس کی تحویل میں دے دیا۔

عدالت نے عہد تمیمی کی ایک چچا زاد نور التمیمی کو بھی پندرہ دسمبر کے روز پیش آنے والے واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں فرد جرم عاید کی گئی۔ تینوں خواتین کی عدالت سے مدت حراست میں توسیع کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی لڑکی عہد تمیمی کو اسرائیلی فوجیوں کو تھپڑ مارنے کے الزام میں انیس دسمبرکو گرفتار کیا تھا۔ بعد ازاں اس کی والدہ اور ایک چچا زاد کو بھی حراست میں لے لیا گیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی