چهارشنبه 30/آوریل/2025

اریحا: بین الاقوامی ہوائی اڈا اورصنعتی زون کے قیام کا اسرائیلی منصوبہ

جمعرات 28-دسمبر-2017

اسرائیلی حکومت نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے تاریخی شہر اریحا میں ایک بین الاقوامی ہوائی اڈہ ، ایک صنعتی زون، ریلوے لائن اور بڑے ہوٹلوں سمیت کئی  دوسرے منصوبوں پر غور شروع کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض صہیونی حکومت نے اسرائیلی اور عالمی سطح کی بڑی غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ مل کر غرب اردن کے شہر اریحا میں جامع مسجد النبی موسیٰ کے قریب بین الاقوانی ہوائی اڈہ بنانے کا منصوبہ شروع کیا ہے۔ اس کے علاوہ اس شہر میں بین عالمی نوعیت کا صنعتی سیکٹر، ریلوے لائن، ہوٹل اور کئی دوسرے منصوبے بھی شروع کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

یہ منصوبے سابق امریکی وزیرخارجہ جون کیری کے فلسطینی اتھارٹی کے لیے اقتصادی منصوبوں کے پیکج کا حصہ تھا جن میں اریحا اور امریکا  کے درمیان آزادانہ تجارت، آمد ورفت اور دیگر منصوبوں کے لیے ہوائی اڈے، تجارتی اور صنعتی زونز کے قیام کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ تاہم اس وقت صہیونی حکومت نے اس منصوبے میں رکاوٹ پیدا کرتےہوئے اس پر کام آگے بڑھانے سے روک دیا تھا۔ امریکا میں اپنی حامی حکومت اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ جیسے سرپرست کی حمایت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اب اس منصوبے پر صہیونی ریاست خود کام کرنے کی تیاری کررہی ہے۔

فلسطینی تجزیہ نگار اور عرب مرکز برائے نقشہ جات کے چیئرمین خلیل تفکجی نے بتایا کہ اریحا میں ہوائی اڈے، ریلوے لائن اور دیگر منصوبے فلسطینی ریاست کے ساتھ مخصوص تھے۔ ماضی میں طے پائے معاہدوں میں بھی فلسطینیوں کو اریحا میں بین الاقوامی ہوائی اڈہ قائم کرنے کی اجازت دی گئی تھی مگر موجودہ اسرائیلی حکومت اور وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے دیگر امن سمجھوتوں کی طرح اریحا کی تعمیر وترقی اور وہاں پر ہوائی اڈے کے قیام کے منصوبوں کو بھی تباہ کردیا۔

تفکجی کا کہنا ہے کہ صہیونی ریاست اریحا میں نہ صرف ہوائی اڈہ اور صنعتی زون قائم کرنا چاہتی ہے بلکہ اللد [بن گوریون] ہوائی اڈے کو ملانےوالی ایک ریلوے لائن جو اریحا سے گذر کر بیت المقدس اور وہاں سے تل ابیب پہنچے گی، متعدد سڑکیں، پل، ہوٹل اور کئی دوسرے منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔

مختصر لنک:

کاپی