اسرائیل کے ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں ہفتے اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی کے گرد وسیع پیمانے پر جنگی تیاریوں کے لیے مشقیں شروع کرنے کی تیاری کررہی ہے۔
عبرانی نیوز ویب پورٹل ’’مفزاک لائیو‘ کے مطابق غزہ کی پٹی کے اطراف میں فوج وسیع پیمانے پر جنگی مشقوں کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔
عبرانی ویب سائیٹ کے مطابق اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی کے گرد فوجی مشقوں کے دوران اسرائیل کے داخلی محاذ اور غزہ کےاطراف میں کسی بھی ممکنہ جنگ کے تناظر میں مشقیں کرے گی۔
اسرائیلی فوج کے ایک سینیر افسر نے بتایا کہ غزہ کے گرد فوجی مشقوں کا مقصد فوج کو ممکنہ جنگ کے لیے تیار کرنا ہے۔
ویب سائیٹ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے گرد فوجی مشقیں آئندہ جمعرات تک جاری رہیں گی۔
یہ مشقیں ایک ایسے وقت میں شروع کی جا رہی ہیں جب دوسری جانب گذشتہ روز اسرائیلی وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین نے غزہ کے اطراف میں سرحدی مورچوں کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے فوجیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی حالت میں جنگ کے لیے تیار ہیں۔