ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے اپنے دورہ سوڈان کے دوران سوڈانی ہم منصب محمد عمر البشیر سے خرطوم میں ملاقات کی۔ سنہ 1956ء میں آزادی کے بعد کسی ترک صدر کا سوڈان کا یہ پہلا دورہ ہے۔
اطلاعات کے مطابق ترک صدر کا خرطوم پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ بعد ازاں صدر ایردوآن اور عمر البشیر نے براہ راست ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ترک صدر کے دورہ سوڈان کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان 12 سیاسی، اقتصادی اور سماجی شعبوں میں تعاون کی بھی منظوری دی گئی۔ اس دورے کی ایک اور اہم بات یہ ہے کہ ترکی اور سوڈان نے دو طرفہ تزویراتی تعاون کونسل کے قیام کا بھی اعلان کیا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق ترک صدر کے ہمراہ سوڈان کے دو روزہ دورے کے دوران حکومت کے اعلیٰ عہدیدار اور کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ کسی ترک صدر کا سنہ 1956ء کے بعد سوڈان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ ترک صدر اپنے اس دورے کے دوران مشرقی شہر بورتسوان اور تاریخی شہر سواکن کا بھی دورہ کریں گے۔ سواکن سے ترک خلافت عثمانیہ کی بھی یادیں وابستہ ہیں۔