اسرائیلی فوج نے گذشتہ روز فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت کی مناسبت سے نکالے گئے ایک جلوس پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین اور ایک فوٹو گرافر زخمی ہوگیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلی کےدوران شرکاء نے بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست کے حوالے کیے جانے کے امریکی اعلان کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر قابض فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ ربڑ کی گولیوں کا بھی استعمال کیا۔ قابض فوج کےوحشیانہ تشدد سے ترک خبر رساں ادارے’اناطولیہ‘ کے ایک فوٹو گرافر سمیت متعدد شہری زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ مظاہرین مکمل طور پر پرامن تھے۔ انہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے مگر اس کے باوجود قابض فوج نے نہتے مظاہرین پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد دم گھٹنے سے متاثر ہوئے ہیں۔