ترکی میں کل اتوار کے روز بیت المقدس کے دفاع میں ہونے والے عظیم الشان ملین مارچ میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترکی کی ریاست ’شانلی اروفہ‘ میں اتوارکے روز القدس ملین مارچ کا انعقاد کیا گیا جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایک وسیع وعریض فلسطینی پرچم کی بھی نمائش کی گئی۔
خبر رساں ادارے’اناطولیہ‘ کے مطابق القدس مارچ کا اہتمام ریاست ’شانلی اروفہ‘ کی مقامی حکومت کی جانب سے کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ مارچ کو ترکی کے امدادی ادارے’IHH‘ اور کئی دوسری سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کی بھی حمایت حاصل تھی۔
یہ جلوس ’توبجو‘ کے مقام پر ایک جلسے کی شکل اختیار کرگیا۔ اس موقع پر فلسطینی پرچم کی نمائش کی گئی اور مقررین نے خطاب کیا۔
شانلی اورفہ شہرکے میئر نھاد چیفجی نے اپنے خطاب میں کہا کہ القدس کے حوالے سے عالم اسلام اور پوری دنیا میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ القدس پوری مسلم امہ کے لیے سرخ لکیر ہے۔
اس موقع پر انسانی حقوق گروپ ’آئی ایچ ایچ‘ کے سربراہ بولنت یلدرم نے کہا کہ فلسطین کی تقسیم کی سازشوں کے خلاف پوری مسلم امہ کو متحد ہونا ہوگا۔