ایرانی وزارت خارجہ نے ایک بار پھر فلسطینی قوم کے دیرینہ حقوق کے حصول کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین نہ صرف ایران بلکہ پوری اسلامی برادری کی خارجہ پالیسی میں پہلی ترجیح رہےگا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ تمام تر سازشوں اور ریشہ دوانیوں کے باوجود ایران فلسطینی قوم کی حمایت اور ارض فلسطین کی پنجہ یہود سے مکمل آزادی کے لیے جدو جہد جاری رکھے گا۔
بہرام قاسمی کا کہنا تھا کہ ایران نے فلسطینیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا۔ ہم عالم اسلام کے ساتھ مل کر پورے فلسطین کو آزاد کرانے کی جدو جہد جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ القدس مسلم امہ کے جسد کا ٹکڑا ہے۔ عالم اسلام اپنے جسد کے حصے کو کاٹ کر دشمن کے حوالے کرنا گوارا نہیں کرے گی۔