جمعه 02/می/2025

امریکا طاقت سے القدس اسرائیل کو نہیں دے سکتا:مشعل

ہفتہ 23-دسمبر-2017

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سابق سربراہ خالد مشعل نے کہا ہے کہ معرکہ بیت المقدس میں آخری فتح فلسطینی قوم، عرب اور عالم اسلام کی ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا طاقت کے بل پر فلسطینی قوم کو القدس سے محروم نہیں کرسکتا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق خالد مشعل نے ان خیالات کا اظہار افریقی ملک موریتانیہ کی سیاسی جماعت قومی سماج پارٹی برائے ترقی واصلاح کی دعوت پر نواکشوط ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کےدوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ قابض اسرائیل کا بیت المقدس پر کوئی حق نہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ طاقت کے ذریعےبیت المقدس اسرائیل کو نہیں دے سکتے۔

خالد مشعل نے عالمی برادری کی جانب سے امریکی صدر کے ’اعلان القدس‘ کی کھل کر مخالفت کو امریکیوں کے منہ پر عالمی برادری کا زور دار طمانچہ قرار دیا۔

خیال رہے کہ جمعرات کو جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیے جانے کو باطل قرار دیا گیا تھا۔ اس قرارداد کی حمایت میں 128 ملکوں نے رائے جب کہ امریکا اور اسرائیل سمیت صرف نو ممالک نے قرارداد کی مخالفت کی۔

خالد مشعل نے کہا کہ جنرل اسمبلی کی قرارداد کے بعد امریکا پوری دنیا میں تنہا ہوگیا ہے۔

انہوں نے موریتانیہ کی فلسطینی قوم کے دیرینہ حقوق کی حمایت پر مبنی قومی اور سرکاری موقف کا بھی خیر مقدم کیا۔

مختصر لنک:

کاپی