پنج شنبه 01/می/2025

دفاع القدس احتجاج کا تیسرا جمعہ، مزید دو فلسطینی شہید،700 زخمی

ہفتہ 23-دسمبر-2017

امریکی صدر ڈونڈل ٹرمپ کی طرف سےمقبوضہ بیت المقدس کو صہیونی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کیے جانےکےخلاف فلسطینیوں کا احتجاج چوتھے ہفتےمیں داخل ہوگیا ہے۔ کل جمعہ کے روز نماز جمعہ کےاجتماعات سےقبل اور اس کے بعد وسیع پیمانے پر دفاع القدس ریلیاں نکالی گئیں۔ دسیوں مقامات پر فلسطینی مظاہرین اور قابض صہیونی فوج کے درمیان تصادم ہوا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں دو فلسطینی نوجوان شہید اور دسیوں زخمی ہوگئے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق جمعہ کے روز اسرائیلی فوج نے ’عزم آزادی القدس مظاہروں‘ کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ اندھا دھند فائرنگ، لاٹھی چارج، آنسوگیس کی شیلنگ، دھاتی گولیوں کی بوچھاڑ اور تشدد کےدیگر حربوں کے استعمال کے نتیجے میں دو فلسطینی شہیدد اور کم سے کم 700 کےقریب زخمی ہوئے ہیں۔

ہلال احمر فلسطین کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران غرب اردن، بیت المقدس اور غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج نے مظاہرین پر حملے کیے۔ اسرائیلی فوج کے حملوں اور تشدد کےنتیجے میں 689 فلسطینی زخمی ہوئے۔

ادھر غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نےبتایا کہ شمالی غزہ میں جبالیہ کے مقام پر ہونے والے ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران اسرائیلی فوج نے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی، فائرنگ کے نتیجے میں 24 سالہ فلسطینی نوجوان زکریا الکفارنہ شہید ہوگیا۔

غزہ ہی میں ایک دوسرے مظاہرے پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ فائرنگ سے ایک اور فلسطینی شہید ہوگیا۔ دوسرے شہید کی شناخت محمد نبیل محیسن کے نام سےکی گئی ہے جس کی عمر 29 سال بتائی جاتی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق عزم آزادی القدس مظاہروں کا سلسلہ پورے فلسطین میں جاری رہا۔ کل نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد رام اللہ ، الخلیل، نابلس، سلفیت، بیت لحم، جنین، بیت المقدس اور مشرقی وشمالی غزہ میں اسرائیلی فوج کی طرف سے آنسوگیس کی اندھا دھند شیلنگ کی گئی۔

ہلال احمر کے رضاکاروں کے مطابق شمالی بیت لحم میں دفاع القدس ریلی پر اسرائیلی فوج نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 12 فلسطینی شہری زخمی ہوئے۔

اسرائیلی فوج کی طرف سے دھاتی گولیوں اور ربڑ کی گولیوں سے فلسطینی شہریوں کے چہروں اور سروں کو نشانہ بنایا گیا۔ زخمی ہونے والے دو فلسطینیوں کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔

قابض فوج کی طرف سے زہریلی آنسوگیس کی شیلنگ سے دسیوں فلسطینی زخمی ہوئے۔

سلفیت میں قابض فوج کی طرف سے دو فلسطینیوں کو ’توتو‘ گن سے نشانہ بنایا گیا۔

فلسطین کے دوسرے شہروں القدس، الخلیل، نابلس اور رام اللہ میں بھی فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم ہوا۔ قابض فوج نے نہتے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال جاری رکھا جس کے نتیجے میں سیکڑوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔

مختصر لنک:

کاپی