کل جمعہ کے روز فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں بیت المقدس کے دفاع میں نکالی گئی ریلی کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک فلسطینی شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج ہفتے کو دم توڑ گیا، جس کے بعد گذشتہ چوبیس گھنٹوں کےدوران غزہ میں شہداء کی تعداد تین ہوگئی ہے۔
غزہ وزارت صحت کے مطابق ہفتے کو ایک مقامی اسپتال میں زیرعلاج27 سالہ شریف العبد شلاش زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
شریف شلاش کل جمعہ کوشمالی غزہ کی پٹی میں جبالیا کے مقام پر ہونے والے ایک مظاہرے کے دوران اسرائیلی فوج کی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا تھا۔
اسی علاقے میں دو دیگر فلسطینی شہری شہید ہوگئے تھے جب کہ دسیوں فلسطینی زخمی ہوئے تھے۔ ان میں سے تین کی حالت بدستور تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نےبتایا کہ شمالی غزہ میں جبالیہ کے مقام پر ہونے والے ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران اسرائیلی فوج نے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی، فائرنگ کے نتیجے میں 24 سالہ فلسطینی نوجوان زکریا الکفارنہ شہید ہوگیا۔
غزہ ہی میں ایک دوسرے مظاہرے پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ فائرنگ سے ایک اور فلسطینی شہید ہوگیا۔ دوسرے شہید کی شناخت محمد نبیل محیسن کے نام سےکی گئی ہے جس کی عمر 29 سال بتائی جاتی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق عزم آزادی القدس مظاہروں کا سلسلہ پورے فلسطین میں جاری رہا۔ کل نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد رام اللہ ، الخلیل، نابلس، سلفیت، بیت لحم، جنین، بیت المقدس اور مشرقی وشمالی غزہ میں اسرائیلی فوج کی طرف سے آنسوگیس کی اندھا دھند شیلنگ کی گئی۔
ہلال احمر کے رضاکاروں کے مطابق شمالی بیت لحم میں دفاع القدس ریلی پر اسرائیلی فوج نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 12 فلسطینی شہری زخمی ہوئے۔