فلسطینیوں کی جرات اور بہادری کی مثال دیکھنی ہو تو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس فوٹیج کو ضرور دیکھیے جس میں ایک سولہ سالہ فلسطینی لڑکی عہد تمیمی صہیونی فوجیوں کے ایک جھرمٹ میں گھس کر دو اہلکاروں کو طمانچہ رسید کرتی ہے۔
مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں اسرائیلی فوجیوں کو تھپڑ مارنے والی فلسطینی لڑکی عہد تمیمی کی تفتیش کے لیے اس کی حراست میں 10 کی مزید توسیع کی گئی ہے۔ دوسری جانب قابض فوج نے عہد تمیمی کے والد اوراس کی ایک دوسری سہیلی کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عہد تمیمی کو گذشتہ روز عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ بعد ازاں عدالت نے اسے 10 روز تک پولیس کی حراست میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔
بدھ کے روز اسرائیلی فوج نے ایک دوسری فلسطینی لڑکی نور ناجی التمیمی کو بھی حراست میں لے لیا جب کہ عہد تمیمی کے والد کوبھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
قبل ازیں جمعہ کے روز اسرائیلی فوج نے النبی الصالح بستی کا محاصرہ شروع کیا تو عہد تمیمی اور اس کی چند دوسری ساتھی بچیوں نے صہیونیوں فوجیوں کو اپنے گھروں سے دور کرنے کے لیے ان کے ساتھ پنجہ آزمائی کی تھی۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عہد تمیمی دو اسرائیلی فوجیوں کو طمانچے مارنے کے ساتھ انہیں دھکے دے کر وہاں سے نکالنے کی کوشش کررہی ہیں۔ بچیوں کی مزاحمت کے بعد اسرائیلی فوجی گھر کےباہر سے جانے پر پرمجبور ہو گئے تھے۔