امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دیے جانے کے بعد صہیونی فوج نے فلسطینی شہریوں کے خلاف وحشیانہ کریک ڈاؤن شروع کیا ہے اور چند روز میں اب تک 430 فلسطینی گرفتار کرکے جیلوں میں ڈال دیے گئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس سے 16 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ چھ دسمبر کو ٹرمپ کے اعلان القدس کے بعد اب تک 430 فلسطینیوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے۔
کلب برائے اسیران کی رپورٹ کے مطابق قابض فوج کی کارروائیوں میں 131 بچے اور 9 خواتین کو حراست میں لیا گیا۔ ان میں تین زخمی بھی شامل ہیں۔
سب سے زیادہ گرفتاریاں بیت المقدس سے کی گئیں جہاں سے 130 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ اس کے بعد الخلیل سے 100 فلسطینی گرفتار کیےگئے۔ حراست میں لیے گئے فلسطینیوں کو جسمانی ، نفسیاتی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
گذشتہ روز القدس سے سات فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ ان ک شناخت عوض سلامہ، سلطان عاشور، محمود طہ، موسیٰ شعلان، محمد بلال حمادہ، محمد عدنان صیام اور مصطفیٰ قاسم ابو میالہ کے ناموں سے کی گئی ہے۔ ان کی عمریں 15 سے 45 سال کے درمیان ہیں۔