فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی فوجیوں نے ایک کم سن فلسطینی بچی گاڑی تلے روند ڈالی جس کے نتیجے میں بچی شدید زخمی ہوئی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں اسرائیلی فوجیوں کی ایک جیپ نے پانچ سالہ فلسطینی بچی کچل ڈالی۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ زخمی بچی کی ٹانگیں کچل دی گئی ہیں۔ اسے شدید زخمی حالت میں الخلیل شہر میں قائم عالیہ سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ادھر الخلیل شہر میں گذشتہ روز چھ مقامات پر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم ہوا۔ الخلیل میں العروب کیمپ، بیت امر، بیت کاحل، باب الزاویہ، وادی التفاح القدیم اور وادی التفاح الجدید میں فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فوج کےدرمیان جھڑپیں ہوئیں۔