اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر جارحیت کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ دشمن کو غزہ کی پٹی پر حملوں کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے رکن خلیل الحیہ نے ایک بیان میں کہا کہ صہیونی غاصب دشمن کو غزہ کی پٹی پر جارحیت مسلط کرنے کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو اپنے جرائم اور غدر کی جلد یا بدیر قیمت چکانا ہوگی۔
حماس رہ نما نے ان خیالات کا اظہار غزہ کی پٹی میں گذشتہ روز اسرائیلی فضائی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی نماز جمازہ کے اجتماع سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم کے نواجوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا بلکہ دشمن کو اس کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر فلسطینی مزاحمتی مراکز پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں حماس کےعسکری ونگ القسام بریگیڈ کےدو کارکن شہید اور پندرہ فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔
دونوں فلسطینی شہداء کو گذشتہ روز سپردخاک کردیا گیا۔ شہداء کی نماز جنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔