پنج شنبه 01/می/2025

ہزاروں فلسطینیوں کا امریکی نائب صدر سے ملاقات کے بائیکاٹ کا مطالبہ

اتوار 10-دسمبر-2017

ہزاروں فلسطینیوں نے صدر محمود عباس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکی نائب صدر مائیک پنس سے ملاقات کرنے سےانکار کردیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں الامہ اوپن یونیورسٹی کے زیراہتمام تیار کی گئی ایک پٹیشن پر ہزاروں شہریوں نے دستخط کیے ہیں۔ پٹیشن میں صدر محمود عباس پر زور دیا گیا ہے کہ وہ امریکی نائب صدر کے دورہ مشرق وسطیٰ کےدوران ان سے ملنے سے صاف انکار کردیں۔

پٹیشن میں فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ امریکی نائب صدر کا رام اللہ میں استقبال سے انکار کردے اور کھل کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے۔

خیال رہے کہ گذشتہ بدھ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دیا تھا جس کے بعد فلسطین میں اس اقدام پر شدید رد عمل پایا جا رہا ہے۔

اسی تناظر میں امریکی نائب صدر مائیک پنس آئندہ چند روز میں اسرائیل اور فلسطین کا دورہ کرنے والے ہیں۔ فلسطینی تحریک فتح کے رہ نماؤں کا کہنا ہے کہ امریکی نائب صدر کا رام اللہ میں استقبال نہیں کیا جائے گا تاہم فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے سرکاری سطح پر اس حوالے سے کسی قسم کا موقف سامنے نہیں آیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی