مقبوضہ بیت المقدس کو صہیونی ریاست کا دارالحکومت بنائے جانے کے غیرآئینی اقدام کے خلاف فلسطین بھر میں احتجاج جاری ہے۔ کل ہفتے کے روز بیت المقدس، مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں ہزاروں فلسطینیوں نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ مشتعل مظاہرین اور اسرائیلی فوج کےدرمیان کئی مقامات پر جھڑپیں ہوئیں۔ قابض فوجیوں نے نہتے فلسطینی مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے طاقت کے وحشیانہ حربے استعمال کیے جس کے نتیجے میں مزید 231 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
ہلال احمر فلسطین کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہےکہ ’انتفاضہ آزادی القدس‘ کےدوران گذشتہ روز غرب اردن، غزہ اور القدس میں 231 فلسطینی زخمی ہوئے۔ ان میں سے 171 غرب اردن اور القدس میں زخمی ہوئے جب کہ 60 فلسطینی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہوئے۔
بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی براہ راست فائرنگ سے 12 فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ ربڑ کی گولیوں سے 24 اور آنسوگیس کی شیلنگ سے 172 فلسطینی متاثر ہوئے ہیں۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی آبادیوں اور یہودی کالونیوں کو ملانے والے نقاط تماس پر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج میں جھڑپیں ہوئیں۔
نابلس شہر میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کے دوران حورہ کیمپ کےقریب ایک فلسطینی صحافی سمیت کئی شہری زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونےوالے صحافی کو علاج کے لیےرفیدیا اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اسے اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ مظاہروں اور اسرائیلی فوج کے وحشیانہ تشدد کی کوریج کررہا تھا۔ فلسطینیوں کے احتجاج اور اسرائیلی فوج کے تشدد کے باعث عورتا کے علاقے میں کئی گھنٹے ٹریفک جام رہی۔
غرب اردن کے دوسرے شہروں جنین، رام اللہ، طلوکرم، الخلیل، بیت لحم اور سلفیت میں بھی القدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دیے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
مظاہروں کے دوران فلسطینی شہریوں نے قابض فوج پر سنگ باری کی اور ان پر پٹرول بموں سے بھی حملے کیے۔ دوسری طرف سے قابض فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشرکرنےکے لے ان پر لاٹھی چارج کیا، آنسوگیس کی شیلنگ، دھاتی گولیوں کا استعمال اور صوتی بموں سے حملے کیے گئے۔
قابض فوج کے وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں سیکڑوں فلسطینی زخمی ہوئے۔ ان میں سے بعض کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی جب کہ دسیوں فلسطینیوں کو اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی جانب سے نہتے فلسطینی مظاہرین پر تشدد کے نتیجے میں کم سے کم 12 فلسطینی زخمی ہوئے۔ ان فلسطینیوں کو اسرائیلی فوج کی طرف سے براہ راست گولیاں ماری گئیں۔ ہفتے کے روز بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 11 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
غزہ کی پٹی میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔