شنبه 16/نوامبر/2024

اردنی وزراء کی ٹرمپ کے اقدام کے خلاف ملک گیر احتجاج کی اپیل

جمعہ 8-دسمبر-2017

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کو صہیونی ریاست کا دارالحکومت قرار دیے جانے کے رد عمل میں عرب اورمسلمان ممالک میں احتجاج جاری ہے۔ اردن کے وزراء نے بھی امریکی اقدام کے خلاف شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے پوری قوم سے امریکا کے خلاف احتجاج کی اپیل کی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اردنی وزیر مملکت برائے صدارتی امور ممدوح العبادی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ امریکا کے خلاف سڑکوں پر ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ امریکا پر دباؤ ڈالا جاسکے۔

ایف ایم ریڈیو’حیات‘ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دےکر کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کی توہین کی ہے۔دیگر مسلمان اقوام کی طرح اردنی قوم کو بھی ٹرمپ کے اقدام سے سخت دکھ ہے۔ اس لیے ہمارا عوام الناس سے پرزور مطالبہ ہے کہ وہ امریکی اقدام کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ العبادی کا کہنا ہے کہ عوام اس وقت تک احتجاج جاری رکھیں جب تک امریکا اپنے فیصلے پرنٖظرثانی پر مجبور نہیں ہوجاتا۔

گذشتہ روز اردن کے مختلف شہروں میں امریکی اقدام کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔  مظاہروں میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اہم سیاسی اور مذہبی شخصیات نے اپنے خطاب میں امریکی صدر کے القدس کے بارے میں حالیہ فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

مختصر لنک:

کاپی